پاکستان کے سرکاری آفیشلز کیلئے واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن کی تیاری

اسلام آباد(سی این پی) وزارت آئی ٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری آفیشلز کے لئے واٹس ایپ کی طرزپرایپلی کیشن تیار کررہے ہیں، ایپلی کیشن کا مقصد حکومتی آفیشلز کی کمیونیکیشن کو محفوظ بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کااجلاس ہوا، جس میں این آئی ٹی بی نے اسمارٹ آفس منصوبے پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا منصوبے پرکام جاری ہے، اخراجات 572 ملین روپے سے زائد آئیں گے۔حکام این آئی ٹی بی نے کہا وفاقی وزارتوں اورمحکموں کواسمارٹ آفس پرمنتقل کیاجارہاہے اور سرکاری آفیشلز کیلئے واٹس ایپ کی طرزپرایپلی کیشن تیار کررہے ہیں، ایپلی کیشن کا مقصد حکومتی آفیشلز کی کمیونیکیشن کو محفوظ بنانا ہے۔وزارت آئی ٹی کے حکام کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ سے متعلق لوگوں میں تربیت اورآگاہی کافقدان ہے، اس وقت واٹس ایپ کاڈیٹاامریکا میں ہوسٹ ہوتاہے، دیگر ممالک میں سرکاری ڈیٹاانکیممالک میں ہی محفوظ رکھاجاتاہے، سائبرسیکورٹی پالیسی لارہے ہیں۔یاد رہے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ پالیسی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ پالیسی پر پاکستانی صارفین میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ ہیں ، تمام معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی پالیسیوں کو مرتب کررہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی تیاری، سرکاری ملازمین کیلئے چیٹنگ ایپلی کیشن پر کام اور سوشل میڈیا کمپنیوں سے رابطوں میں تیزی لائی گئی ہے، یہ حق صارف سے نہیں چھینا جاسکتا کہ وہ اپنا ڈیٹا کسی کو شیئر کرنے کی اجازت دے یا نہ دے، اس پر کوئی کمپنی اپنی مرضی مسلط نہیں کرسکتی، اس سے صارفین کے حقوق بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔امین الحق نے مزید کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت آئی ٹی کو ٹاسک دیا ہے کہ سرکاری افسران و ملازمین کیلئے واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن بنائی جائے، جس کا نہ صرف تمام ڈیٹا بلکہ اس پر کی جانے والی گفتگو بھی محفوظ ہو ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں