دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا نام مودی سے منسوب کرنے پر راہول گاندھی کا طنز

انڈیا(سی این پی) دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا پہلے انٹرنیشنل میچ سے قبل نام تبدیل کر کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے منسوب کرنے پر حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر طنز کے نشتر چلا دیے۔ حزب اختلاف کے رہنما راہول گاندھی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’سچ کتنی خوبصورتی سے خود کا اظہار کرتا ہے۔‘انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ نریندر مودی اسٹیڈیم، اڈانی اینڈ۔ ریلائنس اینڈ، جے شاہ کی صدارت میں!ساتھ ہی راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں ’ہم دو ہمارے دو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ راہول گاندھی نے اس سے قبل مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی حکومت کچھ قریبی صنعت کاروں کیلئے کام کررہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ہم دو ہمارے دو‘ آبادی کنٹرول کرنے کا نعرہ تھا لیکن یہ نعرہ اب آبادی کنٹرول کی جگہ حکومت کنٹرول کیلئے بن گیا ہے۔خیال رہے کہ مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں سردار پٹیل کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح گزشتہ برس ٹرمپ کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں