کسی بھی قسم کے خطرےاور مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(سی این پی)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ شیخ نے کہا ہے حکومت،مسلح افواج اور پاکستانی عوام کسی بھی قسم کے خطرے اور مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق 27 فروری کی مناسبت سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری قوم فخر سے بھارت کی غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کے مقابلے میں پاکستان کے منہ توڑ جواب کو یاد کر رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 26 فروری 2019 کو بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہویے پاکستان کی حدود میں ہوائی حملے کیے تھے اور یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی براہ راست خلاف ورزی تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سازش پر پاکستان کی دلیر مسلح افواج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہویے پیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی اور 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کیا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنی علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا، بھرپور جوش و جذبے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت, مسلح افواج اور پاکستانی عوام پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے آہنی ارادے سے کام لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں