مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی کی خود کشی

سری نگر(سی این پی) مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک اور بھارتی فوجی نے پھندا لگا کر خود کشی کرلی، سری نگر میں دو روز کے دوران دو بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی۔تفصیلات کے مطابق کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے بھارتی فوجیوں میں خودکشی کا رجحان بڑھنے لگا، سری نگر میں بھارتی فوجی نے بادامی باغ چھائونی کے جے سی او پوائنٹ کے قریب پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔گزشتہ روز لیفٹیننٹ کرنل سدیپ نے خود کو گولی مار کر جان لے لی تھی ، میڈیارپورٹس کے مطابق سری نگر میں دو روز کے دوران دو بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی ہے۔اس سے قبل یکم مارچ کو سری نگر میں ہی تعینات ایک بھارتی فوجی نے بھی خود کو سرکاری رائفل سے گولی مار کر زخمی کرلیا تھا۔سیاسی مبصرین کے مطابق جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی خودکشی کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ فوجی اہلکار ذہنی اذیت اور دبائو سے تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں ۔ کشمیر کے حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان سخت ڈیوٹی، عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔کے ایم ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ واقعے کے بعد 2007 سے اب تک خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 493 تک پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں