پاکستان میں 2003 سے ڈرون بنانے کی صلاحیت ہے،فواد چوہدری

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈرون پالیسی تاریخی اہمیت کا مسودہ ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2003 سے ڈرون بنانے کی صلاحیت ہے، پوری دنیا میں زراعت ڈرون پر منتقل ہورہی ہے، فصلوں کی مانیٹرنگ، اسپرے ڈرون پر منتقل ہوچکی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ضروری ہے ڈرون کی تیاری پاکستان میں شروع کی جائے، ڈرون اتھارٹی کا مقصد اداروں کو ایک چھت تلے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی بہتری کے لیے ماڈرن فارمنگ پر جانا ہوگا، زراعت کی بنیاد ٹیکنالوجی پر رکھنا ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے پاکستان میں ڈرون کے استعمال کے لیے ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نے پہلی ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے لئے قانون سازی کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پالیسی کے نتیجے میں پاکستان میں ڈرونز اور خصوصاً زرعی ڈرون کی انڈسٹری میں نئی جہتیں آئیں گی اور جدید ڈرونز کی پرائیویٹ امپورٹ بھی ممکن ہو سکے گی۔یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے پاکستانی انجینئرز نے کسانوں کی سہولت کے لیے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جدید ڈرون تیار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں