شوگر اسکینڈل، نیب نے پنجاب کے ایک اور وزیر کو طلب کرلیا

اسلام آباد (سی این پی)شوگر اسیکنڈل میں حکومتی شخصیات کی نیب طلبیوں کا سلسلہ جاری ہے۔پنجاب کے دو وزراء میاں اسلم اور سابق صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ کے بعد پنجاب کے وزیر آبپاشی محسن لغاری کو بھی طلب کرلیا ہے ، نیب نے انہیں 4 مئی کو نیب راولپنڈی کے دفتر میں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے شوگر اسکینڈل میں پنجاب کے وزیر آبپاشی محسن لغاری کو طلب کرلیا ہے اور انہیں 4 مئی کو نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی مشترکا تحقیقاتی ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی اور اس سلسلے میں انہیں 2018 تا 2019 شوگر سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانیکی ہدایت کی گئی ہے جب کہ محسن لغاری سے شوگر ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کا کارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے گزشتہ ہفتہ کین کمشنر اور چیف سیکرٹری آفس کا دورہ کرکے ریکارڈ حاصل کیا ہے جب کہ پنجاب میں شوگر ملوں کو دی جانیوالی سبسڈی کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ اور میاں اسلم کوبھی نیب نے طلب کررکھا ہے اور ان تینوں شخصیات کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ نیب شوگر اسیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں