قائم مقام صدرZTBLشیخ امان اللہ کی من مانیاں عروج پر ، خلاف قانون بھرتیوں،من پسند افرادکو ترقیاں دینے کے انکشافات

شیخ امان اللہ نے درجنوں منظور نظر افراد کو بنک کی سینئر اسامیوں پر بھرتی کررکھا ہے،ان تمام افسران کی تعیناتیاں عدالتوں میں چیلنج کی جاچکی ہیں مگر پھر بھی قائم مقام صدر کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی جبکہ اس سے قبل سابق صدر زرعی ترقیاتی بنک طلعت حسین کو بھی میرٹ کے خلاف بھرتیاں کرنے پر نیب نے طلب کر رکھا ہے

حال ہی میں زونل چیف پشاور لطیف خان کو انکے عہدے سے ہٹا کرغلط چارج شیٹ کی جس پر معاملہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں آنے پر موصوف نے چارج شیٹ واپس لے کرمعاملہ رفع دفع کر دیا ،شیخ امان اللہ کی مضبوط لابی ان کے غیر آئینی اقدامات پر ڈھال بنی ہوئی ہے جسکی وجہ سے انکے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے،ذرائع

قائم مقام صدر ZTBLنے منظور نظر،کرپٹ شخص کو ہیڈکوالٹی اشورنس (Head Quality Assurance)لگا کر قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں جبکہ اسی شخص کو نو ماہ قبل بنک سے نکالا گیا تھااور اسے ایک آرڈر پر دوبارہ چارج دے دیا گیا ہے،واضح رہے کہ بنک کا عملہ مناسب پالیسیوں کے فقدان کی وجہ سے ذہنی مریض بن چکا ہے

اسلام آباد(سی این پی )قائم مقام صدر ZTBLشیخ امان اللہ کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ،بینک کے قوانین کو پس پشت ڈال کر بھرتیاں اورمن پسند افرادکو ترقیاں دینے میںانکا کوئی ثانی نہیں ہے ،چالیس فیصد اہلکار جن کی حق تلفیاں ہوئی ہیں بنک انتظامیہ کے خلاف عدالتوں میں جا چکے ہیں ،بااثر مافیا عدالتی احکامات کو بھی ماننے سے انکاری ہے ،باوثوق ذرائع کے مطابق شیخ امان اللہ نے درجنوں منظور نظر افراد کو بنک کی سینئر اسامیوں پر بھرتی کررکھا ہے اور ان تمام افسران کی تعیناتیاں عدالتوں میں چیلنج کی جاچکی ہیں مگر پھر بھی قائم مقام صدر کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی جبکہ اس سے قبل سابق صدر زرعی ترقیاتی بنک طلعت حسین کو بھی میرٹ کے خلاف بھرتیاں کرنے پر نیب(قومی احتساب بیورو) نے طلب کر رکھا ہے،بینک میں پروموشن کے قوانین کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور من پسند،سفارشی افراد کوترقیاں دے کر میرٹ کو پامال کیا جا رہا ہے اور اہل ملازمین کو نظر انداز کیا جانا معمول بن چکا ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قائم مقام صدر زرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ نے ملازمین کش پالیسیاں اپنا رکھی ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے جھوٹی چارج شیٹ کرکے ملازمین کو بلیک میل کرنا انکا وطیرہ بن چکا ہے۔ حال ہی میں زونل چیف پشاور لطیف خان کو انکے عہدے سے ہٹایا گیا اور انکو غلط چارج شیٹ کی جس پر معاملہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں آنے اور میڈیا میں خبریںشائع ہونے پر موصوف نے چارج شیٹ واپس لے کے معاملہ رفع دفع کر دیا ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیخ امان اللہ کی لابی انہیں مکمل تحفظ فراہم کئے ہوئے ہے اور انکے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات پر ڈھال بنی ہوئی ہے جسکی وجہ سے انکے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔ قائم مقام صدر ZTBLنے منظور نظر شخص جس کو ہیڈکوالٹی اشورنس (Head Quality Assurance)لگا کر قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں جبکہ اسی شخص کو نو ماہ قبل کرپشن کی وجہ سے بینک سے نکالا جا چکا ہے کوایک آرڈر پر دوبارہ چارج دے دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ بینک کا عملہ مناسب پالیسیوں کے فقدان کی وجہ سے ذہنی مریض بن چکا ہے ۔یونین /ایسوسی ایشن کی کوئی دادرسی اور شنوائی نہیں ہے جسکی وجہ سے نچلا طبقہ پس کررہ گیا ہے ۔قائم مقام صدر کی جانب سے من پسند، منظورنظرافراد کو نوازنے کی وجہ سے ملازمین میں خاصی تشویش پائی جا رہی ہے،ملازمین استحصالی رویوں سے عاجز آچکے ہیں ۔اس حوالے سے ترجمان ZTBLسے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہ کی،جبکہ قائم مقام صدر ZTBLشیخ امان اللہ سے بھی رابطہ کرنے کی مسلسل کوشش کی گئی مگر انہوں نے حسب عادت فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی ،اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیے تو ادارہ انکا موقف من و عن شائع کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں