معیشت بہتر ہورہی ہے، حکومتی ترجمان کامیابیاں اجاگر کریں،وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کے تمام کیسز اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سیاسی اور پارلیمانی امور میں حکومتی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین کے معاملے اور غزہ پر اسرائیلی حملوں پر بھی بات چیت کی گئی۔حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں حکومتی کارکردگی اورمعیشت کی صورتحال پر غور کیا گیا اور وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،حکومتی اقدامات کی وجہ سے معیشت بہتر ہورہی ہے، ملکی برآمدات 13.50 فیصد بڑھ گئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 10 ماہ سے سرپلس ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس 44 فیصد، سیمنٹ کی فروخت 40 فیصد بڑھ گئی، ٹریکٹرز کی فروخت میں 58 فیصد اضافہ ہوا، حکومتی اقدامات کی وجہ سے کسانوں کو 1100 ارب روپے زیادہ ملے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر منہگائی کی وجہ سے پاکستان پر بھی اثرات پڑے، عالمی سطح پر خام تیل، پام آئل اور دیگر چیزیں منہگی ہوئیں۔وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ قانون کی حکمرانی اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔وزیر اعظم نے ترجمانوں کو معاشی میدان میں حکومتی کامیابیاں اجاگرکرنےکی ہدایت دی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ایک اور اجلا س میں حالیہ دورہ سعودی عرب میں ہونے والے معاہدوں کا جائزہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں