مہنگائی سے نجات کیلئے عمران خان سے نجات ضروری ہے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی(سی این پی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں، مہنگائی سے نجات کا طریقہ یہ ہے ملک کو عمران خان سے نجات دلائی جائے۔بلاول بھٹو نے ملک کی معاشی صورتحال کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب سے عمران خان وزیراعظم بنے ہیں، آٹے کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش ہے، کھانے پینے کی اشیا میں مہنگائی کی سالانہ شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ جس ملک کے وزیراعظم کو کشکول اٹھانے کے علاوہ کچھ اور نہ آتا ہو، وہ کیسے مہنگائی کا خاتمہ کرے گا، صرف ایک سال میں عمران خان حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے 25 لاکھ سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دئیے گئے، عمران خان کو خبر ہی نہیں کہ ملک کے تقریبا نصف کاروباری ادارے اپنے ملازمین کی ایک چوتھائی تنخواہ کم کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں