اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا قیام ، ہزاروں افراد کیلئے روزگار کا بہترین موقع

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان میں جنوبی کوریا کے تعاون سے آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، آئی ٹی پارک سے15 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جنوبی کوریا کے تعاون سے آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ، سید امین الحق اورجنوبی کوریا کے سفیر نے آئی ٹی پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا آئی ٹی پارک سے15 ہزار افراد کو روزگار ملے گا اور ریونیو کی مد میں کروڑوں ڈالرزفراہم ہوں گے۔امین الحق کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کاجال بچھا رہے ، کراچی آئی ٹی پارک بھی جلد شروع ہوگا، اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی پارک قائم کرنے جارہے ہیں، آئی ٹی پارک اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں 15ایکڑ پر بنایا جا رہا ہے۔جنوبی کوریا کے ایگزم بینک سے نہایت آسان شرائط پر قرضہ حاصل کیا گیا ہے، آئی ٹی پارک منصوبے کی مجموعی مالیت 13ارب 72 کروڑ روپے سے زائد ہے ، آئی ٹی پارک سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔کورین سفیر نے کہا خوشی ہے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں، آئی ٹی پارک وزارت آئی ٹی اور پاکستانی ہنر مندوں کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔کورین سفیر کا مزید کہنا تھا کہ کورین کمپنیاں پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کررہی ہیں ، ہائڈرو پاور پروجیکٹس میں بھی کورین کمپنیوں کی سرمایہ کاری ہے ، پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں