علمائے کرام تمباکو نوشی کے خلاف مہم کا حصہ بنیں، علامہ طاہر اشرفی

اسلام آباد (سی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں اپنے چاہنے والوں پر یہ واضح کروں گا کہ اسلام ہر اس چیز سے منع کرتا ہے جو نشہ بنا لی جائے ۔کرومیٹک ٹرسٹ کی جانب سے فلم اسکریننگ کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی کے خلاف اتنے منظم انداز میں اتنے سارے ماہرین کی رائے آج پہلی بار دیکھی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ پاکستان بھر میں تمام علمائے کرام جمعہ کے خطبے میں تمباکو نوشی کے خلاف اس مہم کا حصہ بنیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی تقریبا ہر طرح کے نشے کی جانب مائل ہونے کا پہلا قدم ہے اوراسے روک کر ہم اپنے بچوں کو اس برائی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں کرومیٹک ٹرسٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شارق خان نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال پندرہ سال سے چھوٹے چار لاکھ اڑتیس ہزار بچوں پر تمباکو کمپنیاں اس انداز میں اثر انداز ہوتی ہیں کہ وہ تمباکو نوشی شروع کر دیتے ہیں۔ اس مسئلہ کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کیلیے کرومیٹک ٹرسٹ نے ماہرین کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر یہ ڈاکیومینٹری بنائی ہے۔ اس میں نہ صرف مسائل کی نشاندہی کی گئی بلکہ ان کا حل بھی بتایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں رائج فوری اور بہترین حل تمباکو پراڈکٹس پر بھاری ٹیکسز کا نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈاکومینٹری وزیراعظم پاکستان تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔ ڈاکیومینٹری بہت جلد ملکی ٹی وی سکرینوں، یو ٹیوب چینلز اور پیکٹ پاک کے تمام ہینڈلز پر دیکھ سکیں گے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں