پاکستانی اورترک فنکاروں کا گھوٹکی ٹرین حادثے پر اظہار افسوس

کراچی(سی این پی) گھوٹکی کے قریب 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم کے افسوسناک واقعہ پر پاکستانی اور ترک فنکاروں نے غم کا اظہار کیا ہے۔پیر کی علی الصبح گھوٹکی کے قریب ریتی اور ڈھرکی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس جب کہ راولپنڈی سے کراچی آنے والی سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔گھوٹکی کے قریب پیش آنے والے اس افسوناک واقعہ پر پاکستانی اور ترک فنکاروں نے غم کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ حادثے کی مکمل تفتیش کی جائے۔صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ ترک فنکار بھی اس المناک حادثے پر غمزدہ ہیں اور معصوم جانوں کے نقصان پر انہوں نے بھی پاکستانیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترک ڈراما سیریل ’’کورولوش عثمان‘‘ میں بالا خاتون کا مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اوزگے تورر نے اپنی انسٹااسٹوری پر اردو میں پیغام لکھتے ہوئے کہا ’’دوست اور برادر ملک پاکستان میں ٹرین کے حادثے کی خبر بڑے دکھ کے ساتھ سنی ہے۔ حادثے میں اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونے والے اپنے بھائیوں کی اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور زخمی ہونے والے افراد کے لیےاللہ تعالیٰ سے فوری شفا کی دعا کرتے ہیں۔‘‘اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، فیصل قریشی، ہانیہ عامر، ماہرہ خان، کبریٰ خان، مہوش حیات اور عاصم اظہر سمیت متعدد پاکستانی فنکاروں نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔عدنان صدیقی نے کہا وہ اس خبر کو سن کر صدمے کی کیفیت میں ہیں۔ ماہرہ خان نے حادثے کی تفتیش پر زور دیا اور تقریباً تمام فنکاروں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو صبر کرنے اور ان کی صحت کے لیے دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں