ڈرامہ نویس، شاعر اور استاد طارق عزیز کی پہلی برسی

اسلام آباد(سی این پی)ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب وسیاست کے معروف نام اور پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ میں کئی دہائیوں تک چلنے والے پروگرام ’نیلام گھر‘ سے شہرت پانے والے میزبان طارق عزیز کی آج پہلی برسی ہے۔’’ابتداء ہے ربِ جلیل کے بابرکت نام سے، جو دلوں کے بھید خوب جانتا ہے… دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں آپ کو طارق عزیز کا سلام!‘‘ یہ الفاظ آج بھی ایک نسل کے ذہنوں میں تر و تازہ ہیں، جنہیں سنتے ہی طارق عزیز کے پروگرام ’’نیلام گھر‘‘ کی ابتداء یاد آجاتی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلا گیم شو بھی تھا۔طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو جالندھر، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ جالندھر کے آرائیں گھرانے سے ان کا تعلق تھا۔ ان کے والد میاں عبد العزیز پاکستانی 1947ء میں پاکستان ہجرت کر آئے۔ آپ کے والد صاحب پاکستان بننے سے دس سال پہلے سے اپنے نام کے ساتھ پاکستانی لکھتے تھے۔آپ نے اپنا بچپن ساہیوال میں گزارا۔ طارق عزیز نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے۔ تاہم 1975ء میں شروع کیے جانے والے ان کے اسٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔طارق عزیز ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت (1967ء) تھی اور ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں۔فنون لطیفہ میں خدمات پر انہیں کئی ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے 1992 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی بھی شامل ہے۔ طارق عزیز گزشتہ برس 17 جون 2020 کو انتقال کرگئے تھے۔ تاہم ان کی یادیں آج بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں