وزیراعلیٰ سندھ کی وفاقی حکومت سے سندھ کو منتقل ہونے والے اسکولز کو ٹیک اوور کرنے کی ہدایت

کراچی(سی این پی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کووفاقی حکومت سے سندھ کو منتقل ہونے والے اسکولز کو ٹیک اوور کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وفاقی حکومت سے سندھ کو منتقل ہونے والے اسکولز پر اجلاس ہوا، وفاقی حکومت نے نیشنل کمیشن فارہیومن ڈیولپمنٹ اوربیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولزسندھ کو دیئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ این سی ڈی ایچ اور بی ای سی ایس اسکولز نان فارمل ہیں ، ان اسکولز میں اساتذہ روزانہ کی بنیاد پر آٹھ ہزار روپے تنخواہ پر پڑھاتے ہیں، سی سی آئی کے بیالیسویں اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس سینٹرزصوبوں کے حوالے ہوجائیں گے۔مراد علی شاہ نے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کووفاقی حکومت سے سندھ کو منتقل ہونے والے اسکولز کو ٹیک اوور کرنے کی ہدایت کردی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں چودہ سو تریسٹھ بی ای سی ایس سینٹرز ہیں جن میں چودہ سوتریسٹھ اساتذہ اوراکسٹھ ہزار ایک سو اٹھارہ طلباء ہیں۔سندھ حکومت ان اساتذہ کو پچیس ہزار روپے تنخواہ دے گی۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کچھ عرصے کے بعد ان اساتذہ کو موقع دیا جائے کہ وہ ٹیسٹ دیں، جو اساتذہ ٹیسٹ پاس کرجائے انکو ریگیولر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں