اثاثہ جات کیس، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی(سی این پی)سندھ ہائیکورٹ نے اثاثہ جات کیس میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو نے گذشتہ ہفتے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے آغا سراج کی اہلیہ، بیٹا، تین بیٹیاں اور ایک ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔خیال رہے اسپیکر سندھ اسمبلی پر ایک ارب سے زائد غیر قانونی آمدن سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے۔ سندھ ہائیکورٹ آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت منظور کر چکی تھی۔نیب نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ضمانتوں پر دوبارہ دلائل سننے کے لئے معاملہ واپس ہائیکورٹ بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ضمانت پر فیصلے کے لئے دو ججز پر خصوصی بینچ تشکیل دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں