مسلم لیگ ن 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحرک

لاہور(سی این پی)مسلم لیگ ن 16 اکتوبر کو فیصل آباد کا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہوگئی، پارٹی قائد نے پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب بنانے کی ہدایت کر دی، شہباز شریف بھی پی ڈی ایم کے جلسہ میں شرکت کریں گے۔سولہ اکتوبر کو فیصل آباد کے جلسے میں حمزہ شہباز نے تمام ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے، قیادت نے ہدایت دی ہے کہ تمام ارکان اسمبلی اور عہدیدار زیادہ سے زیادہ کارکن لے کر پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت دیگر قریبی شہروں کے ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ کارکن لانے کی ہدایت کر دی گئی۔ تمام ارکان اسمبلی کی حاضری چیک کی جائے گی، یونین کونسلز کے عہدیداروں کو بھی ہر صورت جلسہ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ فیصل آباد کے کارکنوں اور عہدیداروں کو متحرک کریں گے، جلسے سے مولانا فضل الرحمان، علامہ ساجد میر، محمود خان اچکزئی سمیت دیگر پی ڈی ایم قائدین خطاب کریں گے، مسلم لیگ ن کے قائد ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے خطاب کریں گے جبکہ جلسے میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں