آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں رشوت ستانی عروج پر پہنچ گئی،خراب میٹرز کی تبدیلی معمہ بن گئی ،بغیر ریڈنگ کے ہزاروں روپے بل صارفین کو تھما دیے گئے، صارفین سراپا احتجاج ،کوئی شنوائی نہیں

لائن مین ہزاروں روپے کی دیہاڑیاں لگانے لگے ،واپڈا اہلکاروں کی جیب گرم کئے بغیر صارفین کیلئے جائز کام کروانا بھی خواب بن گیا ،اہلکار سہولت کاری کی بجائے وبال بن گئے

صارفین کے جانب سے شکایات کے انبار کے باوجود ایس ڈی او سرکل سمیت کہیں کوئی شنوائی نہیں ہے ،شکایات کا ازالہ کرنے کی بجائے واپڈا اہلکار صارفین کو بلیک میل کرنے لگے

صارفین نے خراب میٹروں کی بغیر ریڈنگ کے بل بھیجنے پر سب ڈویژن اڈیالہ میں تحریری درخواستیں دیں ،کبھی نئے میٹر ز دستیاب نہ ہونے کا بہانہ تو کبھی درخواست گم ہونے معاملہ گول

متاثرہ صارفین کا واپڈ ا کے اعلی حکام سے آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں اہلکاروں کی من مانی،رشوت ستانی اور جائز کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

راولپنڈی (سی این پی)آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں رشوت ستانی عروج پر پہنچ گئی ،خراب میٹرز کی تبدیلی معمہ بن گئی ،بغیر ریڈنگ کے ہزاروں روپے بل صارفین کو تھما دیے گئے،صارفین سراپا احتجاج ،کوئی شنوائی نہیں ،لائن مین ہزاروں روپے کی دیہاڑیاں لگانے لگے ،جیب گرم کئے بغیر صارفین کیلئے جائز کام کروانا بھی خواب بن گیا ،جب تک لائن مین یا سپرنڈنٹ کی جیب گرم نہ ہوجائے صارفین کا کام نہیں ہو تا،تفصیلات کے مطابق آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں تعینات واپڈا اہلکار صارفین کے لئے سہولت کاری کی بجائے وبال جان بن گئے ،لائن مین گھر بیٹھے ریڈنگ کرنے لگے ،صارفین کو خراب میٹروں کے بھی ہزاروں روپے کے بل تھما دیے ،صارفین کے جانب سے شکایات کے انبار کے باوجود ایس ڈی او سرکل سمیت کہیں کوئی شنوائی نہیں ہے ،جسکے وجہ سے گھریلو صارفین کے لئے جائز کام کروانا بھی محال ہوچکا ہے ،شکایات کا ازالہ کرنے کی بجائے واپڈا اہلکار صارفین کو بلیک میل کرنے لگے ،کبھی نئے میٹر ز دستیاب نہ ہونے کا بہانہ تو کبھی درخواست گم ہونے کی نوید سنا دی جاتی ہے ،جائز کاموں کیلئے نذرانے لینا معمول بن چکا ہے،رشوت دیے بغیر صارفین کا جائز کام بھی خواب بن چکا ہے ،واپڈا صارفین نے آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں خراب میٹروں کی تبدیلی کی متعدد درخواستیں دے رکھی ہیں جن پر کئی ماہ گزرنے کے باوجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے ،حیرت انگیز بات یہ ہے کہ صارفین کے خراب میٹر تبدیل کرنے کی بجائے واپڈا اہلکاروں نے بغیر ریڈنگ کے کسی صارف کو پچیس ہزار روپے کسی کو بیس ہزارروپے اور کسی کو سولہ ہزار روپے کا بل تھما دیا ہے ،جس پر متعدد صارفین نے بغیر ریڈنگ کے بل بھیجنے پر آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں تحریری شکایات کیں مگر وہاں موجود عملہ شکایات کے ازالہ کی بجائے صارفین کو بل جمع کروانے کی ہدایات جاری کر رہاہے،جسکی وجہ سے صارفین میں خاصی تشویش پائی جارہی ہے ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر کوئی صارف واپڈا اہلکاروں کی مٹھی گرم کردے یا بڑی سفارش لے آئے تو اسکا جائز کام ہو جاتا ہے ،جبکہ بغیر رشوت اور سفارش کی کام کروانا محال ہو چکا ہے ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایس ڈی او آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ کو صارفین کی جانب سے عملے کی رشوت ستانی اور جائز کاموں میں روڑے اٹکانے کی شکایات کی جا چکی ہیں مگر ایس ڈی او آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے جسکی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے ،متاثرہ صارفین نے واپڈ ا کے اعلی حکام سے آئیسکوسب ڈویژن اڈیالہ میں اہلکاروں کی من مانی،رشوت ستانی اور جائز کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا کے اعلی حکام کرپٹ اور نااہل واپڈا اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن لیکر عوام کی شکایات کا ازالہ کریں اور میرٹ میں جائز کاموں کی بحالی کو یقینی بنائیں۔دوسری جانب ایس ڈی او آئیسکو سب ڈویژن اڈیالہ سے موقف جاننے کے لئے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی ،اس حوالے سے اگر واپڈا کے ذمہ داران موقف دینا چاہیں تو ادارہ من و عن شائع کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں