ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 ،پاکستان کے ہاتھوں بھارتی شکست پر مقبوضہ کشمیر میں جشن

سری نگر(سی این پی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاکستان کے ہاتھوں بھارتی شکست پر مقبوضہ کشمیر میں جشن منایا گیا۔پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کی۔ ایسے میں پاکستان میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھی شہریوں نے جشن منایا۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے ایسے وقت میں پاکستان کی فتح کا جشن منایا جب مقبوضہ وادی کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں فوجی چھاؤنی بنا دیا گیا ہے۔پاکستان کی تاریخی فتح پر وادی بھر میں شہری چوک چوراہوں پر نکل آئے اور پاکستانی پرچم لہرائے۔کشمیریوں نے وادی بھر میں آتشبازی کی اور ساتھ ہی فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔کشمیریوں نے ‘جیوے جیوے پاکستان‘، ’تیری جان میری جان پاکستان پاکستان‘ کے نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں