تیل کی پیداوار،روس نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

ماسکو(سی این پی) روس ستمبر میں دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا اور اس حوالے سے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔میڈیا کے مطابق قومی شماریات کی سروس کا کہنا ہے کہ ستمبر 2021 میں روس امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ماسکو نے جولائی میں 10.45 ملین بیرل یومیہ تیل کی پیداوار کی جبکہ اسی عرصے میں امریکا کی طرف سے یومیہ 11.31 ملین بیرل تیل پیدا کیا گیا۔اگست میں روس کی پیداوار کم ہو کر 10.4 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا میں 11.14 ملین بیرل یومیہ پیدا ہوئی۔ ستمبر میں روس کی پیداوار بڑھ کر 10.73 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا کی پیداوار 10.72 ملین بیرل یومیہ تک گر گئی۔روس نے جنوری سے ستمبر 2021 میں کل 387.8 ملین ٹن تیل پیدا کیا جو کہ سالانہ لحاظ سے 0.1 فیصد زیادہ ہے۔ستمبر کی پیداوار سال بہ سال 8.1 فیصد بڑھ کر 44.1 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جنوری ۔ ستمبر میں روسی تیل کی برآمدات 5.8 فیصد کم ہو کر 171.4 ملین ٹن رہ گئیں، ملک کی پیداوار میں برآمدات کا حصہ 44.2 فیصد رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں