جاز(JAZZ) کی ناقص سروسز صارفین کیلئے بحرانی کیفیت اختیار کر گئیں

2دسمبر کو9250روپے کی ٹرانزیکشن ایزی پیسے سے جاز کیش پر کی ،پیسے ابھی تک نہیں ملے ،ایزی پیسہ والوں کا کہنا ہے جاز کیش کے سسٹم میں مسئلہ ہے، شاہ رخ خان
صارف ذیشی خان غصے میں بولیں “کچھ شرم کرو کام چورو” دو مہینے ہو گئے مجھے میرا ڈیبٹ کارڈ نہیں ملاہے،لعنت ہو تم جاز والوں پر ،جس پرجاز کا روایتی جواب
ملکی تاریخ میں صارفین کے استحصال کی ایسی مثال موجود نہیں ،2نومبر2021کو جاز اپ گریڈیشن کا آغاز ہوا، ہونہار انجینئرز کے مطابق یہ عمل دو روز میں مکمل ہوناتھا
ایک ماہ5دن سے جاز صارفین کی شکایات کے باوجودپی ٹی اے (PTA)منہ موڑے ہوئے ، حکام کی معنی خیز خاموش صارفین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے

اسلام آباد(سی این پی)جاز (JAZZ)کی منصوبہ بندی سے شروع ہونے والی ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن ایک ماہ 5دن بعد بھی پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکی ،صارفین کی مشکلات کا ازالہ ہوا اور نہ ہی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاز (JAZZ)صارفین کو معینہ مدت کے بارے آگاہ کر سکی ۔خود کو ملک کی معروف اور صف اول کی سیلولر کمپنی گرداننے والی جاز (JAZZ)کمپنی ایک ماہ پانچ دن سے مسلسل صارفین کے حقوق کا استحصال جاری رکھے ہوئے ہے ،جاز (JAZZ) کی ناقص سروسز صارفین کیلئے بحرانی کیفیت اختیار کر چکی ہیں ،سیلولر کمپنیوں کی ملکی تاریخ میں اتنا طویل بریک ڈائون اور صارفین کے استحصال کی ایسی کوئی مثال موجود نہیں ہے۔سیلولر کمپنی جاز (JAZZ)نے 2نومبر2021کو منصوبہ بندی کیساتھ ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن کا آغاز کیا جاز کے ہونہار انجینئرز کے مطابق یہ عمل دو روز میں مکمل ہوناتھا ،اس حوالے سے جاز (JAZZ)انتظامیہ نے جاز (JAZZ)کی آفیشل ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا کہ معزز صارفین !منصوبہ بند ی کے تحت نظام کی اپ گریڈیشن کی جاری ہے، آپ کو چند خدمات کی عارضی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کسی بھی قسم کی تکلیف پر افسوس ہے۔ جسکے بعد ایک ماہ 5دن گزر گئے ہیں مگر نہ تو اپ گریڈیشن ممکن ہو سکی اور نہ ہی صارفین کی مشکلات ختم ہوئیں۔دوسری جانب جاز (JAZZ)کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر جاری اشتہاری مہم کو رد کرتے ہوئے صارفین سخت غم و غصہ کا اظہار کررہے ہیں اور شکایات کے انبار لگے ہوئے ہیں مگر جاز انتظامیہ کی ڈھٹائی کی انتہا ہے کہ وہ ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔جاز (JAZZ)کے ٹوئٹر ہینڈل اور آفیشل فیس بک پیج پر صارفین کی جانب سے ناراضگی اور غصے کا اظہار گزشتہ ایک ماہ 5دن سے جاری ہے ۔جاز صارف شاہ رخ خان سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے اشتہار کے جواب میں بولے “بکواس”اور کہا کہ دو دسمبر 2021کوپانچ بجکر تین منٹ پر میں نے 9250روپے کی ٹرانزیکشن ایزی پیسے سے جاز کیش پر کی تھی ،پیسے ابھی تک منتقل نہیں ہوئے ،ایزی پیسہ والوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ جاز کیش کے سسٹم میں مسئلہ ہے جسکی وجہ سے ادائیگی نہیں ہوئی ہے ۔صارف ذیشی خان بھی غصے سےبولیں “کچھ شرم کرو کام چورو” دو مہینے ہو گئے ہیں ابھی تک مجھے میرا ڈیبٹ کارڈ نہیں ملا،لعنت ہو تم جاز والوں پر ۔جسکے جواب میں جاز انتظامیہ کا روایتی جواب سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں اپنا جاز کیش نمبراور مسئلے کے حوالے سے ان باکس کریں ہم معاملے کی تحقیق کرتے ہیں۔صارف سعید کا اسکے جواب میں کہنا تھا کہ میں نے اپنا مسئلہ ان باکس کیا اسکا کچھ کر دیں وہاں تو آپ جواب نہیں دے رہے ہیں ۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان باکس کا جواب نہ دینے کا شکوہ کرنے والے صارف سعید کو بھی جاز انتظامیہ نے روایتی جواب دیاکہ آپ اپنا مسئلہ ان باکس کریں اور ٹال دیا۔اظہر حیات کا کہنا تھا کہ آپ غلط اطلاعات دے رہے ہیں ۔احمد ورک کہتے ہیں کہ صبح سے جازکیش سروس ڈائون ہے ،ایزی لوڈ کرنے پر اکائونٹ سے کٹوتی ہورہی جبکہ ایزی لوڈ موصول نہیں ہو رہا ہے ۔ واضح رہے ایک ماہ5دن سے جاز صارفین کی شکایات پرپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)منہ موڑے ہوئے ہے اور حکام کی معنی خیز خاموش صارفین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں