ایک پولنگ اسٹیشن پر کتنی مشینیں درکار ہونگی؟

اسلام آباد(سی این پی)الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کے لئے کتنی رقم درکار ہوگی؟ حکام نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کو آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی حکام کے درمیان ای وی ایم کے ذریعے الیکشن سے متعلق گذشتہ دنوں اہم بیٹھک ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن پر200ارب سے زائد درکار ہونگے جن میں سے 150ارب مشینوں کے خریداری اور دیگرانفراسٹرکچر اورعملے پرخرچ ہونگے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ صرف میئر اسلام آباد کے الیکشن کیلئے3900مشینیں درکار ہیں، پہلے50مشینیں فوری فراہم کریں تاکہ عملے کو تربیت دے سکیں، مشینوں کی خریداری کے لئے پیپرا رولز کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات سائنس کے دو اہم افسران الیکشن کمیشن کے بنیادی سوالات کا جواب نہ دے سکے، الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ ایک پولنگ اسٹیشن کے لئے 8 مشینیں درکار ہونگی، ایک پولنگ اسٹیشن میں 8مشینیں رکھیں تو بٹن دبانے کیلئے8 حکام درکار ہونگے، یہی8لوگ نتیجہ اکٹھا کر نے نویں افسر کے پاس گئے تو کام مینول ہی ہوگا، نواں آدمی پھر سارے نتائج اکٹھا کریگا تو کتنا وقت لگے گا؟۔جس پر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکام کا کہنا تھا کہ ہم نیٹ ورکنگ بنالیں گے اس جواب پر الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ نیٹ ورکنگ سے تو پھر ہیکنگ کا خطرہ موجود ہے۔الیکشن کمیشن حکام کا مزید کہنا تھا کہ ہرپولنگ اسٹیشن پر متبادل بجلی کا نظام چاہیے تاکہ مشینیں بند نہ ہوں۔یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی قانون میں ترمیم کر کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے قانونی استعمال کا بل پیش کیا، جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں