سوشل میڈیا مہم کیس،عدالتی فیصلے میں میشا شفیع کے خلاف سخت ریمارکس

لاہور(سی این پی)مقامی عدالت نے علی ظفرکیخلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مستقل حاضری کی درخواست مسترد کردی۔تفصیلات کے مطابق لاہورکی مقامی عدالت میں علی ظفرکیخلاف سوشل میڈیا مہم کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے میشا شفیع اور ماہم جاوید کی مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے فیصلے میں میشا شفیع کے خلاف سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا میشا شفیع عدالتی کارروائی کا مذاق اڑا رہی ہے، وہ اور ماہم جاوید عدالت سے آنکھ مچولی کھیل رہی ہیں، عدالت نے سمن ،قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے وہ پیش نہ ہوئیں۔عدالت نے علی گل پیر اور لیناغنی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے عفت عمرکی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے میشا شفیع اور ماہم جاوید کو 50،50ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا میشاشفیع کی عدم پیشی سے کیس ٹرائل بری طرح متاثر ہو رہا ہے، بعد ازاں عدالت نے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں