علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا معاملہ، میشا شفیع کی درخواست مسترد، جرمانہ عائد

لاہور (سی این پی)لاہور ہائی کورٹ نے میشا شفیع کی علی ظفر کی مدعیت میں درج ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں میشا شفیع سمیت 6 افراد کی درخواستیں جرمانے کے ساتھ خارج کر دیں، عدالت نے میشا شفیع سمیت درخواست گزاروں کو جرمانہ بھی کیا۔ملزمان نے علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کررکھا تھا، عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔میشا شفیع کی جانب سے ایڈوکیٹ ثاقب جیلانی جبکہ علی ظفر کی جانب سے ایڈووکیٹ عمر طارق نے دلائل مکمل کیے تھے، ایف آئی اے نے علی ظفر کی درخواست پر سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا،ایف آئی اے نے ملزمان کا موقف لیے بغیر مقدمہ درج کیا،عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔جس پر علی ظفر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج ہوا ملزمان ایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، ملزمان نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف منفی مہم چلا کر بدنام کرنے کی کوشش کی،عدالت ملزمان کی دائر درخواستیں خارج کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں