آئی ایم ایف نےکوئی اور شرط نہ لگائی تو معاہدہ طے پاچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نےکوئی اور شرط نہ لگائی تو معاہدہ طے پاچکا ہے، پہلے ریاست ہے، بعد میں سیاست، ریاست بچتی ہے تو سیاست بھی بچ جائے گی۔اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بعض ساتھیوں کی رائے تھی کہ الیکشن ریفارمز کرکے الیکشن میں جایا جائے، اب ہم یکسو ہیں، حکومت کے باقی 14ماہ پورے کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سےتیل،گیس کی عالمی قیمتیں پاس آن کرنےکامعاہدہ کیا تھا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی ایک ایک کرکےدھجیاں اڑائیں، مارچ میں انہیں شکست نظر آنے لگی تو تیل کی قیمتیں کم کردیں، آئی ایم ایف نےکوئی اور شرط نہ لگائی تو معاہدہ طے پاچکا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے تیل کی قیمت کم کرنےکا فیصلہ خود ہی کرلیا، ماضی میں جھانکنے اور رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ریکوڈک میں اربوں کھربوں کے خزانے دفن ہیں ہم نکال نہیں سکے، اس میں قصور اس قیادت کا ہےجس نے غلط طریقے سے ڈیل کی، چین کب تک ہماری مدد کرےگا، چین، سعودی عرب کہتے ہوں گےکہ کب تک یہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔ا ن کا کہنا تھا کہ چین کے وزیراعظم سے کہا سی پیک کو بحال کرنا ہے، چین کے وزیراعظم نے کہا ہم تیار ہیں ایم ایل ون کو سپورٹ کریں گے، تمام تر الزام تراشی کے باوجود چین کے وزیراعظم نےکہا پاکستان کے ساتھ ہیں، چین نے20،20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ میں سی پیک کے تحت بجلی کے پلانٹ دیے، پچھلی حکومت نےکہا اس میں کرپشن ہوئی ہے، اس پر چین پرکیا گزری ہوگی، چین کے وزیراعظم نے ایک لفظ کا بھی گِلہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں