پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیر اعظم

لاہور(سی این پی)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،عوام اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں،عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے ۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائے گا ۔ گزشتہ چار سال میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا،ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کیلئے امن وامان کا یقینی ہونا ضروری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں