پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی بیرون ملک مقبولیت میں اضافہ

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 2 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گیا، آئی ٹی سیکٹر سے خاطر خواہ نتائج کے لیے ٹیلی کام سیکٹرز کو ریلیف دینا ناگزیر ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 2 ارب 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یکم جولائی 2021 تا 30 مئی 2022 تک آئی ٹی ایکسپورٹ میں 25.45 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 1 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا۔انہوں نے کہا کہ مئی 2022 کے دوران آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات ریکارڈ سطح پر لے جانے کے اقدامات کر رہے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری پر ٹیکس ریلیف کا نفاذ ہونے سے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔انہوں نےمزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر سے خاطر خواہ نتائج کے لیے ٹیلی کام سیکٹرز کو ریلیف دینا ناگزیر ہے، ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس کم نہیں کیا گیا تو آئی ٹی سیکٹر بھی متاثر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں