حکومت ہیپاٹائٹس،ایڈز کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، ظفرمرزا

ابوظہبی(سی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت ہیپاٹائٹس،ایڈز کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ابوظہبی میں امریکی ادارے سی ڈی سی کے سربراہ سے ملاقات کے دوران انسداد پولیو کی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سی ڈی سی کو قومی ایکشن پلان سے متعلق انجکشن سیفٹی پر بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت ہیپاٹائٹس،ایڈز کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، انجکشن سیفٹی کے حوالے سے جامع منصوبہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ انجکشن سیفٹی کی ٹاسک فورس مستعدی کے ساتھ منصوبے پر کام کر رہی ہے، سربراہ سی ڈی سی نے بیماریوں کے خاتمے کے لیے تعاون کا اعادہ کیا۔یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں ٹائیفائیڈ سے بچا ئوکی نئی ویکسین متعارف کروانے والا پہلا ملک بن گیا۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ٹائیفائیڈ میں اضافے کے باعث ویکسین کے استعمال کا فیصلہ کیا، ایک کروڑ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں