کراچی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت، اموات کی تعداد 41 ہوگئی

کراچی(سی این پی)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور خاتون انتقال کر گئیں، سندھ میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ خاتون نجی اسپتال میں انتقال کر گئیں جس کے بعد سندھ میں رواں سال ڈینگی کے باعث اموات کی تعداد 41 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ڈینگی سے مزید 107 افراد متاثر ہوئے ہیں، سندھ میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 493 ہوگئی۔ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق رواں سال ملک بھر میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، سب سے زیادہ 13 ہزار 654 ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔وفاقی دارالحکومت سے بھی رواں برس 13 ہزار 200 کیس سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب سے 9 ہزار 890 اور بلوچستان سے 3 ہزار 217 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 21 جبکہ قبائلی اضلاع سے 780 کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح آزاد کشمیر سے بھی رواں برس 16 سو 91 ڈینگی کیسز کی خبر ملی، گلگت بلتستان سے ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 22 اموات ہوئیں، ذرائع کے مطابق ڈینگی سے پنجاب میں 20، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں