منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے، وزیراعظم

لاہور(سی این پی )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے، واضح کر دینا چاہتا ہوں ہم ہر گز دبا میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشااللہ آئندہ بھی کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں اراکین نے متعلقہ حلقوں میں درپیش مسائل کے حل میں مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشکلات کا ادراک ہے، ملاقات کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہدایات کرنا ہے، ترقیاتی کاموں سے متعلق کسی علاقے کونظراندازنہیں کیاجائے گا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور عوامی مسائل کے ترجیحی بنیادپرحل کیلئے کوشاں رہیں۔وزیراعظم نے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندگان میں موثر میکنزم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے، منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جان کر ہرروز افرا تفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاہم مثبت انتظامی تبدیلیوں کے ذریعے ان عناصر کو ناکام بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے، واضح کر دینا چاہتا ہوں ہم ہر گز دبا میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشااللہ آئندہ بھی کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا، روپے کی قدر مسلسل گر رہی تھی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، الحمدللہ آج صورتحال تبدیل ہو چکی روپے کی قدر میں توازن آگیا ہے آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک کیطور پر دیکھ رہی ہے۔عمران خان نے بتایا کہ ڈاووس میں جس طرح پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیرنہیں ملتی ، ڈاووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں، سرمایہ کار کمپنیوں نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں