واوڈا کی نااہلی کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر فیصل واوڈاکو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے میاں فیصل ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصل وواڈا اور الیکشن کمیشن کونوٹس جاری کیا تھا اور عدالت نے گزشتہ سماعت پر فریقین کو پیر 24 فروری تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دہری شہریت سے متعلق جھوٹاحلف نامہ جمع کرایا، وہ نامزدگی فارمز جمع کراتے ہوئے دہری شہریت رکھتے تھے، عدالتی فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھوڑ کر نامزدگی فارم جمع کرانا تھا۔پیر 24 فروری کو فیصل واوڈا کی دہری شہریت چھپانے پر انہیں نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہونا تھی تاہم اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں مقدمات کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی جس کے بعد درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں