سٹیزن پورٹل،وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

اسلام آباد: وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے غیر سنجیدہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیر اعظم آفس نے سخت نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے سرکاری افسران کے خلاف جھوٹی شکایات پر سخت ایکشن لے لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعظم کو افسران کے خلاف شہریوں کی جھوٹی شکایات پر تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افسران کے خلاف بیش تر شکایات ذاتی عناد اور دشمنی پر مبنی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اداروں میں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف شناخت چھپا کر شکایات درج کروائیں، وزیر اعظم آفس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد بغیر ثبوت اور شناخت چھپا کر کی گئی شکایات خارج کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم آفس نے آئندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے قواعد و ضوابط سے بھی اداروں کو آگاہ کر دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل پر کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کی رپورٹ کے لیے مخصوص سہولت فراہم کر دی گئی ہے، ایسی کسی بھی شکایت کے لیے شناخت اور ثبوت لازمی دینا ہوں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر بھی اظہار برہمی کیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افسران کے خلاف باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں