کورونا پر قابو پانے کیلئے چینی طبی ماہرین کی ٹیم اور امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد (سی این پی )کورونا پر قابو پانے کے لئے چین سے طبی ماہرین کی ٹیم اور امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔ چین کی حکومت کی طرف سے کورونا سے نمٹنے کی مہارت رکھنے والی8 رکنی طبی ٹیم اور امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے بتایا کہ کو رونا کے خلاف میں چین نے بروقت مدد بہم پہنچائی۔ آج آنے والے سامان میں کورونا کی تشخیص کی ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد کٹس شامل ہیں اس کے علاوہ بیس لاکھ سے زائد ماسک اور 77 ہزار میڈیکل کور بھی بھیجے گئے ہیں۔ خصوصی پرواز میں217 وینٹی لیٹرز اور 50ہزار میڈیکل دستانے بھی شامل ہیں۔ علی بابا فاونڈیشن اور جیک ما فاونڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور 5 لاکھ حفاظتی ماسک پاکستان کو دیئے جا چکے ہیں۔ چین نے درہ خنجراب کے ذریعے دو ٹن ماسک، ٹیسٹ کٹس، وینٹی لیٹرز، طبی حفاظتی لباس بھی پاکستان کے حوالے کئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق چینی طبی ماہرین کی یہ ٹیم دو ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں