جڑانوالہ میں دو نئے پولیو کیسز سامنے آ گئے

فیصل آباد(سی این پی )جڑانوالہ کی دو یونین کونسلز میں دو پولیو کیسز سامنے آ گئے، ڈبلیو ایچ او نے بھی دونوں بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق جڑانوالہ کی دو یونین کونسلز میں دو پولیو کیسز سامنے آ ئے ہیں، یونین کونسل 29 چک نمبر 96گ ب کی ساڑھے تین سال کی حرم فاطمہ میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کونسل 34 مکوآنہ کے 18 ماہ کیزین علی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کامزید کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے دونوں بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق بھی کر دی ہے اور ضلع میں 12 سال بعد پولیو کے کیس سامنے آئے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد رواں سال 32تک پہنچ چکی ہے جبکہ گذشتہ برس 2019 میں ملک بھر میں 146پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔واضح رہے کہ پولیو کے خاتمے کی عالمی مہم 1988 میں شروع ہوئی تھی اب دنیا سے یہ بیماری خاتمے کے قریب ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان پولیو وائرس سے متاثرہ افغانستان اور نائیجیریا کے ساتھ دنیا کے صرف تین ممالک میں سے ایک ہے۔ نائیجیریا میں گزشتہ تین سال سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیاہے جس کے بعد اس کی پولیو سے پاک ملک کے طور پر جلد ہی تصدیق کردی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں