گیٹزفارما کا پروڈکشن بند کرکے تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان

کراچی(سی این پی)ادویات بنانے والی کمپنی گیٹز فارما کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ وہ 7 روز کے لیے اپنی کمپنی کو بند کرکے تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گیٹز فارما کے ایم ڈی خالد محمود نے کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹنگ کم ہونے پر چین سمیت کئی ملکوں سے بات کی کیونکہ یہ ملک پر مشکل وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹیسٹنگ کے ذرائع محدود ہیں اسی لیے ہم اسکریننگ ٹیسٹ کر رہے ہیں جو چین میں بھی کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اسکریننگ ٹیسٹ کی لاگت بھی کم ہوتی ہے اور اس کے نتائج بھی بہتر ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اسکریننگ کٹ اسپین اور جنوبی کوریا میں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔خالد محمود نے بتایا کہ ہم نے کورونا کی ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس منگوائی ہیں جس میں سے سندھ کو 15ہزار کٹس عطیہ کی ہیں جو دیہات میں استعمال کی جائیں گی۔خالد محمود نے کہا کہ پاکستان میں تین سے 5 فیصد لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آرہا ہے جس سے بچا ئوکے لیے ضروری ہے کہ جلدی ٹیسٹنگ اور آئسولیٹ کیا جائے جتنی جلدی ٹیسٹنگ کی جائے گی اور مریضوں کو آئسولیٹ کیا جائے گا اتنی جلدی وائرس مر جائے گا۔ایم ڈی گیٹز فارما کا کہنا تھا کہ کمپنی میں کورونا کی ٹیسٹنگ کے 56 بوتھ بنائے گئے ہیں جن پر 1300ملازمین کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، اگر کسی بھی ملازم کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اسے 30 دن چھٹی پر بھیجا جائے گا اور اس کے اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا اور 7 دن تک کمپنی کو بند رکھا جائے گا، صرف منفی ٹیسٹ آنے والوں کو ہی کام کی اجازت دی جائیگی۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت سے صحافی بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صحافی کمپنی آئیں ان کا مفت ٹیسٹ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات کی کل تعداد 224 تک پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں