سیاحتی شعبے کی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے،زلفی بخاری

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحتی شعبے کی ترقی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اہم اجلاس میں ممبرممالک کے وزرا برائے سیاحتی امور نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں عالمی سطح پر سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے ایکشن پلان پرگفتگو سمیت عالمی وبا کے باعث ممبر ممالک میں سیاحت کی صنعت کو درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحتی شعبے کی ترقی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے،پائیدار، ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے لیے 10سالہ پالیسی تشکیل دی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پالیسی پر عمل درآمد کے لیے5 سالہ ایکشن پلان بھی مرتب کیاگیا،وبائی صورتحال کے باعث پالیسی پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک عالمی آبادی کا 44 فیصد ہیں،رکن ممالک سیاحت کی صنعت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال بہتر ہونے پر سیاحت کا شعبہ سب سے پہلے بحال ہوگا،حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی ایس اوپیز تیار کر رہی تھی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے رکن ممالک میں معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان رابطہ کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں