وزیر اعظم، صدر مملکت کی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے، شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے سیکورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے۔ادھر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو ملکی سلامتی اور معیشت پر حملہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ وبائی صورت حال کے پیش نظر دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، واقعے کی مکمل انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلی سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثنا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کر کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کو سیکورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، یہ حملہ پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں