وزیراعظم کی ملک بھر میں ٹائیگر فورس کیلئے ایپلیکیشن کے اجرا کی منظوری

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کے لیے ایپلیکیشن کے اجرا کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات میں ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلیکیشن کے اجرا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس حوالے سے کہا وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹائیگر فورس کو ضلع، تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر مانیٹر کیا جا سکے گا۔عثمان ڈار کا کہنا تھا ایپلیکیشن کے ذریعے سمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمد کروانے میں بھی آسانی ہوگی، کورونا سے متاثرہ ہاٹ سپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہوگی، ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں