امریکی صدر ٹرمپ کا ویڈیو کلپ فیس بک انتظامیہ نے ہٹا دیا

کیلیفورنیا(سی این پی)سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا سے متعلق جھوٹے دعوے کا ویڈیو کلپ ڈیلیٹ کر دیا۔ویڈیو کلپ میں صدر ٹرمپ نے دعوی کیا تھا کہ بچے کورونا کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں جبکہ طبی اعتبار سے دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے بچوں کی اموات بھی سامنے آچکی ہیں۔ایسے میں فیس بک نے صدر ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی مذکورہ ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو ہٹانے کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ کسی صدرکی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں اپنی ویڈیو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بہت زیادہ بیمار ہونے سے مدافعت سے متعلق بات کی تھی، مطلب یہ تھا کہ بچے بیماری سے جلد صحتیاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر بچوں سمیت تمام عمر کے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہیں۔ادھر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھی کورونا سے متعلق غلط معلومات پر ٹرمپ کی مہم عارضی طور پر روک دی ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کا ٹوئٹر اکائونٹ بھی عارضی طور پر بند کیا گیا تھا کیوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کورونا وائرس کےعلاج میں مددگار ثابت ہونے والی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئین کے بارے میں ویڈیو شیئر کی تھی۔ٹوئٹر کی جانب سے کہنا تھا کہ ویڈیو سے ٹوئٹر کی کورونا سے متعلق غلط معلومات کی پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی جسکی وجہ سے انتظامیہ نے اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کیا ہے؛

اپنا تبصرہ بھیجیں