چونیاں میں 4 بچوں کے قاتل کیخلاف تحقیقات میں اہم پیشرفت

قصور (سی این پی) تحصیل چونیاں میں زیادتی کے بعد چار بچوں کو قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزادہ کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔تفتیشی افسران کے مطابق سانحہ چونیاں میں ملوث ملزم سہیل شہزادہ کے خلاف مزید 6 مقدمات کاریکارڈ سامنے آیا ہے جن میں 3 مقدمات چوری، 2 ناجائز اسلحے کے اور ایک ڈکیتی کے ارادے کا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم سہیل شہزادہ کے خلاف 5 مقدمات تھانہ الہ آباد اور ایک تھانہ صدر چونیاں میں درج ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سہیل شہزادہ کے کرمنل ریکارڈ پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں ڈھائی ماہ کے دوران 4 بچوں کو اغوا کیا گیا جن میں فیضان، علی حسنین، سلمان اور 12 سالہ عمران شامل ہیں، ان کی لاشیں جھاڑیوں سے ملی تھیں جب کہ بچوں سے زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔اس واقعے کے بعد چونیاں شہر میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور تھانے پر حملہ کیا گیا جبکہ وزیراعلی پنجاب نے بچوں کے اغوا، زیادتی اور پھر قتل کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او)کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی )تشکیل دی تھی۔بعدازاں پولیس نے ملزم سہیل شہزادہ کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی اور ملزم کا سراغ لگانے کیلئے ہر طریقہ استعمال کر کے انتہائی مہارت سے اسے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف 8 سال پہلے بھی چونیاں میں ہی بچے سے زیادتی کا مقدمہ درج ہوا تھا جس پر اسے سزا بھی ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں