وزیر اعظم کی تحفظ ماحولیات کے لیے مشیر ماحولیات کی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران تحفظ ماحولیات کے حوالے سے ان کے کردار کی تعریف کی، وزیر اعظم 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا افتتاح کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی۔ مشیر ماحولیات نے وزیر اعظم عمران خان کو کلین گرین منصوبے کے 5 نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ملک امین اسلم نے 10 ارب درخت، پلاسٹک بیگز پر پابندی اور کلین گرین انڈیکس سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا افتتاح کریں گے۔ مذکورہ منصوبے کے تحت 20 شہروں کے درمیان کلین گرین مقابلوں کا اہتمام ہوگا۔ملاقات میں وزیر اعظم نے ماحولیات سے متعلق ملک امین اسلم کے کردار کی تعریف کی۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان ایک موقع پر کہہ چکے ہیں کہ ماحولیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزا ہے، مہم کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ کی شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں