تعمیراتی شعبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی شعبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نیا پاکستان ہائوسنگ کے لیے سرکاری زمینوں کو استعمال میں لایا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورت حال اوراقتصادی معاملات پر غور سمیت حالیہ حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ہنرمندوں، نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے پر بریفنگ سمیت بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئیں رقوم پر مراعاتی پیکج پرغور کیا گیا۔ وزیراعظم کو تعمیراتی شعبے کے فروغ اور بلڈرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے سے 40 کے لگ بھگ صنعتیں وابستہ ہیں، شعبے کے فروغ سے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، تعمیراتی شعبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نیا پاکستان ہائوسنگ کے لیے سرکاری زمینوں کو استعمال میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو رقوم ترسیل میں ہرممکن آسانی فراہم کی جائے، معیشت مضبوط کرنیوالے اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دی جائیں۔وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دینے کے لیے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی میں حفیظ شیخ، زلفی بخاری، شوکت ترین، سیکرٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں