سری لنکن ٹیم وطن روانہ،بہترین انتظامات پرٹیم کاپاکستانی عوام اورسیکیورٹی فورسز کا شکریہ

کراچی(سی این پی)سری لنکن ٹیم پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئی، پاکستانی عوام اور شائقین نے مہمان ٹیم کے دل جیت لیے۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل سے ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں سے وہ سری لنکا کے لیے روانہ ہوگئے، سری لنکن ٹیم نے بہترین میزبانی پر پاکستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کی جانب سے بہترین انتظامات اور سیکیورٹی پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا گیا۔ جبکہ اینجلومیتھیوز نے بھی شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔مہمان ٹیم جہاں پاکستانی عوام کے پرستار ہوئے وہیں قومی کھانوں کے بھی شوقین ہوگئے،واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کیا،قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے۔سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کی، قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں