ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کردی

واشنگٹن(سی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملک چاہتے ہیں تو میں مدد کے لیے تیار ہوں، وہ جانتے ہیں میری پیشکش اب بھی برقرار ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہا تھا کہ ان کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر دیرینہ، پیچیدہ اور حل طلب مسئلہ ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل بھی ٹرمپ پاک بھارت کو ثالثی کی پیش کش کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

Comments

اپنا تبصرہ بھیجیں