جواہرلال نہرویونیورسٹی پرحملہ ،بالی ووڈشخصیات مودی کو آڑھے ہاتھوں لے لیا

نئی دہلی(سی این پی)گزشتہ روز جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کیمپس پر حملے کے بعد نریندر مودی کی حکومت پر بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ۔ٹوئنکل کھنہ ،مہیش بھٹ،انوراگ کیشپ،تاپسی پنوں اورسوارا بھاسکر سمیت متعدد مشہور شخصیات نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جے این یو کیمپس پر حملے کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔اتوار کی رات بھارتی دارالحکومت دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طلباء اور اساتذہ پر حملہ کرنے کے بعد طلباء یونینز نے مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ممبئی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں میں طلبا پہلے ہی جے این یو کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ حیدرآباد ، چنئی احمد آباد اور چندی گڑھ کے شہروں میں بھی مظاہروں کا امکان ہے۔اس واقعے میں مبینہ طور پر نقاب پوش افراد نے حملہ کر کے 40 سے زیادہ اساتذہ اور طلبہ کو زخمی کردیا۔جے این یو کی طلبہ یونین نے نریندر مودی کی حکومتی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے منسلک دائیں بازو کی طلبہ کی تنظیم ، اکھل بھارتیہ ودیاارتھی پریشد (اے بی وی پی) کو اس واقعے کا ذمہ دارقرار دیا ہے۔ جے این یو کے طلباء نے بھی بی جے پی کے منظور کردہ متنازعہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کیا تھا۔دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اور ریاست اترپردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کو حال ہی میں کیمپس کے احاطے میں بھی تشدد کا نشانہ بنا یا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں