جے این یو کیمپس حملہ، بالی وڈ اداکارہ دپیکا طلباء سے اظہار یکجہتی کے لئے یونیورسٹی پہنچ گئیں

نئی دہلی(سی این پی )معروف بالی وڈاداکارہ دپیکا پڈوکون نےجواہر لال نہرو یونیورسٹی کیمپس پر حملے کےبعد طلباء سے اظہار یکجہتی کے لئے یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا ہندو انتہاپسندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لئے یونیورسٹی کیمپس پہنچیں جس کا انعقاد جے این یو ٹیچر ایسوسی ایشن اور جے این یو ایس یو نے کیا تھا . جے این یومیں مبینہ طور پر نقاب پوش افراد نے حملہ کر کے 40 سے زیادہ اساتذہ اور طلبہ کو زخمی کردیا تھا ۔ دیپیکا کو جے این یو ایس یو صدر عیش گھوش کے ساتھ کھڑا دیکھا گیا جو جے این یو کیمپس میں ہونے والے تشدد میں زخمی ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جواہر لعل یونیورسٹی پر حملے کے بعد کسی بھی بالی ووڈ اداکارہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔طلباء جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کیمپس پر تشدد کے خلاف بڑے پیمانے پر بھارت کے کئی شہروں میں احتجاج کررہے ہیں۔جے این یو کی طلبہ یونین نے نریندر مودی کی حکومتی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے منسلک دائیں بازو کی طلبہ کی تنظیم ، اکھل بھارتیہ ودیاارتھی پریشد (اے بی وی پی) کو اس واقعے کا ذمہ دارقرار دیا ہے۔ جے این یو کے طلباء نے بھی بی جے پی کے منظور کردہ متنازعہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کیا تھا۔دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اور ریاست اترپردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کو حال ہی میں کیمپس کے احاطے میں بھی تشدد کا نشانہ بنا یا گیا ہے ۔اس سے قبل اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ، مہیش بھٹ ، انوراگ کیشپ ، تاپسی پنوں اور سوارا بھاسکر سمیت متعدد مشہور شخصیات نےبھارتی حکومت کو سخت تنقید کانشانہ بنایا اور اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں