ڈاکٹر ظفر مرزا کا سرکاری اسپتالوں کی صورتحال پرعدم اطمینان کا اظہار

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وفاقی سرکاری اسپتالوں کی صورت حال پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی ،او پی ڈی میں سینئر ڈاکٹرز غیر حاضر ہوتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو مراسلہ لکھا ہے جس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسپتالوں میں سینئرڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی ،او پی ڈی میں سینئر ڈاکٹرز غیر حاضر ہوتے ہیں۔معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ بیشتر سینئر ڈاکٹرز ڈیوٹی اوقات کار پورے کیے بغیر چلے جاتے ہیں، سینئر ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر دیگرعملہ بھی ڈیوٹی مکمل نہیں کرتا۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈاکٹرزکی عدم موجودگی سے مریضوں کو مشکلات پیش آتی ہیں، کیا غریب عوام کو اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے علاج کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشلسٹ، سینئر ڈاکٹرز او پی ڈی، ایمرجنسی میں حاضری یقینی بنائیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل کونسل کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں