شدیدی برفباری اور برفانی تودہ گرنے سے اموات، آرمی چیف کا جانی نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار

راولپنڈی(سی این پی) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفانی تودہ گرنے اور شدید برفباری سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کو بھرپور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفانی تودہ گرنے اور شدید برفباری سے ہونے والے جانی نقصان پراظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پاک فوج کو ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کو ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور مدد فراہم کی جائے۔ترجمان کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، آرمی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے شاردہ، سرگان، بکوال اور تربت میں امدادی سامان کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جبکہ آرمی کیڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف متاثرین کو علاج معالجے کی فراہمی میں مصروف ہیں، متاثرہ خاندانوں میں خیمے، کمبل اور راشن و ادویات بھی تقسیم کی گئی ہیں۔خیال رہے آزادکشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچادی ہے، دو روز کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 87 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے62 اموات ہوئی جبکہ 56مکان تباہ ہوگئے، ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو کمبل،خوراک پہنچادی گئی،اسپتالوں اور اسکولوں میں عارضی شیلٹرفراہم کردیاگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں