جاری مالی سال کے دوران بجلی کی پیداوار کے شعبے میں 289.7 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی

اسلام آباد (سی این پی )ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبے میں جاری مالی سال کے دوران 289.7 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران اس شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے تاہم جاری مالی سال کے دوران اب تک 289.7 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ تھرمل سے بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کاحجم 54.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی سے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 82.1 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح کوئلے سے بجلی حاصل کرنے کے منصوبوں میں 80 ملین ڈالر براہ راست سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی۔ دسمبر کے مہینے میں تھرمل کے شعبے میں 7.3 اور پانی سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 20.7 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں