حکومت کا چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(سی این پی)حکومت نے سندھ اور بلوچستان کے اراکین سے حلف نہ لینے پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر دو نئے الیکشن کمیشن اراکین سے حلف نہ لینے پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے سپریم جوڈیشل کونسل میں سردار رضا خان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے قانونی مشاورت مکمل کر لی ہے۔حکومت کا موقف ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے سندھ اور بلوچستان کے اراکین سے حلف لینے سے انکار کیا، حکومت کی جانب سے مقرر اراکین سے حلف نہ لینا آئین کی خلاف ورزی ہے، جس کے بعد سردار رضا چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے موزوں نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ریفرنس میں سردار رضا کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں