تنقید کی پرواکئے بغیرعوامی خدمت کا ایجنڈا لے کر بڑھ رہے ہیں، عثمان بزدار

لاہور(سی این پی) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تنقید کی پروا نہیں عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر بڑھ رہے ہیں، اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے قائم مقام گورنر و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلیں گے، تنقید کی پرواہ نہیں عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر بڑھ رہے ہیں۔ اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔ سابق دور میں عوام کی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلط ترجیحات سے عوام کا بے پناہ نقصان کیا گیا، سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دی گئی۔ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے۔ نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا۔ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ مل جل کر صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ سابق دور میں ترقی کے نام پر تماشہ کیا گیا۔ خادم اعلی کی شوبازیاں عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، بدقسمتی سے ماضی کی حکومت نے صوبے کو دیوالیہ کردیا۔ میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں